راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل ملاقات کے لیے آنے پر پولیس نے عمران خان کی بہنوں، عمر ایوب، زرتاج گل، حامد رضا، نیاز اللہ نیازی اور دیگر کو ملنے سے روک دیا، علیمہ خان اور بہنیں احتجاج پر بیٹھ گئیں اور جانے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آج عمران خان سے ملاقاتوں کا دن ہے تاہم آنے والے رہنماؤں کو روک دیا گیا ہے۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب گورکھ پور ناکہ پہنچے جہاں پولیس نے انہیں روک لیا۔
اسی طرح علیمہ خان کو داہگل کے مقام پر پولیس ناکے پر روک دیا گیا، ان کے ساتھ دیگر دو بہنوں کو بھی روک دیا گیا اس پر اہل خانہ نے احتجاج کیا اور کہا کہ اگر آج ملاقات نہیں کرنے دی گئی تو ہم یہاں سے نہیں جائیں گے، ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی آج ہماری ملاقات کرائی جائے گی ہمیں آج پھر روکا گیا ہے اس کا مطلب یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔