اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا، جس کے بعد تمام گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 38 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہوگیا، اسی طرح صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 40 روپے 60 پیسے کا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے پیکیج کے اعلان کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب تمام صارفین کو بجلی اوسطاً 34 روپے 37 پیسے فی یونٹ فراہم کی جائے گی، ڈسکوز کی نجکاری کرنا ہوگی، ہم کچھ عرصہ مزید محنت کرکے پھر حاضر ہوں گے، اور بجلی مزید سستی کریں گے، ہمارے صنعتکار دن رات کام کریں، حکومت آپ کی خدمت کرے گی، میں آپ سب کا چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوں، وزیراعظم نہیں، ہم مسلسل محنت کے ذریعے پاکستان کو خودانحصاری کی جانب لے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم آج اللہ پاک کے شکرگزار ہیں کہ میاں نواز شریف کا وہ وعدہ پورا ہوا، جس میں ہم نے اپنے منشور میں کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کو موقع دیا تو رفتہ رفتہ معیشت کی صورت حال بہتر ہوگی، اور بجلی کی قیمتیں کم کریں گے۔