سندھ میں مقررہ ہدف سے 49 فیصد کم ٹیکس وصول کرنے کا انکشاف

A person can be seen holding Pakistani currency notes in his hands. — AFP/File

کراچی (آئی آر کے نیوز): سندھ میں مقررہ ہدف سے 49 فیصد کم ٹیکس وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے، رواں مالی سال کے 8 ماہ میں ٹیکس وصولی کا ہدف 6 کھرب 14 ارب 55 کروڑ روپے تھا جبکہ صرف 3 کھرب 11 ارب 4 کروڑ ہی وصول کیے جاسکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکس وصولی کے اعداد و شمار کے مطابق بورڈ آف ریونیو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور سندھ ریونیو بورڈ نے نصف ہدف حاصل کیا، تینوں محکموں نے 3 کھرب 3 کروڑ روپے کم وصول کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق بورڈ آف ریونیو کا ہدف 60 ارب 70 کروڑ روپے تھا مگر17 ارب 43 کروڑ روپے وصول کیے، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ہدف 2 کھرب 3 ارب تھا جس کے بجائے محکمے نے ایک کھرب 23 ارب روپے وصول کیے۔

اسی طرح سندھ ریونیو بورڈ کا ریونیو کا ہدف 3 کھرب 50 ارب روپے تھا، جس کے بجائے ایک کھرب 69 ارب 76 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

بورڈ آف ریونیو نے 71 فیصد، ایکسائز نے 39 فیصد اور سندھ ریونیو بورڈ نے 51 فیصد کم ٹیکس وصول کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے 8 ماہ میں ہدف 4 کھرب 33 ارب روپے تھا جس کے مقابلے میں 2 کھرب 25 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔

 

جدید تر اس سے پرانی