تفصیلات کے مطابق لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 کو
باقاعدہ طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ایوارڈز کی منسوخی کی وجہ سیکیورٹی خدشات
بتائی گئی ہے۔ منتظمین نے اسپانسرز اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی
کہ مستقبل میں دوبارہ ایک ساتھ کام کیا جائے گا۔
لکس اسٹائل ایوارڈز میں نامزد امیدواروں کے
مداح اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ منتظمین کا
ایوارڈ شو منسوخ کرنا غیر پیشہ ورانہ رویہ ہے۔ بہت سے لوگوں نے سیکیورٹی کے خدشات
کو مدنظر رکھتے ہوئے مقام تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔
ایک مداح نے لکھا، ’یہ واقعی مداحوں اور
نامزد امیدواروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اگر مقام سے مسئلہ ہے تو مقام بدل دو، ایونٹ
کیوں منسوخ کیا؟‘۔
ایک اور صارف نے لکھا آپ یہ نہیں کر سکتے۔
پاکستان میں مشکل سے ایوارڈ شو ہوتے ہیں۔ ایک لکس اسٹائل ایوارڈز تھا، اب وہ بھی
منسوخ کر دیا گیا ہے۔ آپ لوگ ایوارڈ شو کیسے نہیں کر سکتے؟ آپ کی صنعت کیسے ترقی
کرے گی؟ یہ ناانصافی ہے۔
ایک مداح نے لکھا، یہ خود کو بھارتیوں کے
ساتھ موازنہ کرتے ہیں اور وہ ایک ایوارڈ شو بھی نہیں کر سکتے۔ ایک صارف کا کہنا
تھا کہ، مداحوں نے اپنے پسندیدہ اداکاروں کے لیے جنون کی حد تک ووٹ کیا اور ان کو
اسٹیج پر ایوارڈ لیتے دیکھنے کا انتظار کر رہے تھے۔ یہ بہت مایوس کن ہے۔ آپ متبادل
جگہ کا انتخاب کیوں نہیں کر سکتے؟ ایونٹ کیوں منسوخ کیا؟ بالکل ناانصافی۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ بہت ہی غیر پیشہ
وارانہ رویہ ہے جبکہ چند صارفین نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز
بھی تو ہو رہے ہیں پھر لکس اسٹائل ایوراڈز کرانے میں کیا مسئلہ ہے۔
واضح رہے پاکستان کا ڈراما ہو، فلم، میوزک یا
فیشن گذشتہ 24 سال سے لکس اسٹائل ایوارڈز ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے
فنکاروں کو حوصلہ افزائی کی غرض سے اعزازات سے نوازتا آیا ہے۔