صنعا (آئی آر کے نیوز): یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی بحری جنگی بیڑے یو ایس ایس ہیری ٹرومین پر دوسری بار حملہ کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دوسری بار کیے جانے والے حملے میں متعدد ڈرونز، بیلسٹک اور کروز میزائل داغے گئے جبکہ یہ حملہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
حوثی گروپ نے اعلان کیا ہے کہ جب تک اسرائیل غزہ پر حملے بند نہیں کرتا، وہ امریکی اور اسرائیلی بحری جہازوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔
دوسری جانب امریکہ نے بھی یمن پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں سعدہ شہر میں کینسر کے علاج کی سہولت اور زراعت کے ذخائر تباہ کر دیے گئے۔ یمنی حکام کے مطابق، رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
جس پر روس نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ یمن پر حملے فوری بند کرے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں فضائی حملے روکنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے یمنی عوام کی مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ واحد راستہ مزاحمت ہے اور یمنی قوم فتح یاب ہوگی۔