
اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے گھر پر چھاپہ پڑنے کی وجہ سے میں پارلیمانی کمیٹی میں تاخیر سے پہنچا، مجھے پیغام پہنچانے کی جو کوشش کی گئی وہ مجھے موصول ہوگیا۔ میں اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، آئندہ میرے گھر پر بغیر اطلاع کے چھاپہ مارا گیا تو واپس نہیں جانے دیا جائے گا۔
دوسری جانب، خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے کے بعد تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
تلاوت کلام پاک اور نعت رسول ﷺ ختم ہوتے ہی اسپیکر قومی اسمبلی نے صدر آصف علی زرداری کو خطاب کی دعوت دی تو اپوزیشن نے شدید نعرے بازی اور شور شرابہ شروع کردیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا خطاب شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی ارکان نے ڈیسک بجا کر احتجاج شروع کردیا، شدید نعرے بازی کے باعث صدر نے کانوں پر ہیڈفون لگالیے، صدر زرداری اپنے خطاب میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پراظہارخیال کیا۔