اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا طےکردہ ماہانہ ریونیو ٹارگٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے ڈان اخبار میں رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر کو 8 ماہ میں 601 ارب روپے ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے۔ فروری میں ایف بی آر نے 850 ارب اکٹھا کیا جبکہ فروری کے مہینے میں ایف بی آر کا ٹارگٹ 983 ارب روپے کا تھا، فروری میں شارٹ فال 133 ارب روپے رہا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پہلی اور دوسری سہ ماہی میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب بالترتیب 9.6 فیصد اور 10.8 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ایف بی آر حکام کا اندازہ ہے کہ تیسری سہ ماہی میں یہ تناسب 10.6 فیصد سے کچھ کم رہے گا۔