پاک بھارت میچ کے دوران پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پربھارت میں مسلمان کا گھر گرا دیا گیا

article-image

ہندو انتہا پسندوں نے پاک بھارت میچ کے دوران پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پر مسلمان کا گھر گرا دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا جہاں ایک مسلمان شہری نے چیمپئنز ٹرافی کے دبئی میں ہونے والے پاک بھارت میچ کو گھر میں ٹی وی پر دیکھا۔ مسلمان شہری نے اپنے گھر میں میچ دیکھتے ہوئے پاکستان زندہ آباد کا نعرہ لگایا جب کہ مقامی شخص نے مسلم شہری اور اس کے خاندان پر ملک مخالف نعرے لگانے کا الزام بھی لگایا جس کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے مسلمان شہری کا گھر گرادیا۔

یہاں یہ بھی خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے دبئی میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے۔ بھارت نے کامیابی کے لیے درکار 242 رنز چار وکٹوں کے نقصان پر42.3 اوورز میں بنا لیے۔

بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی نے 111 بالز پر 100 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شہریاس ایئر نے 67 گیندوں ہر 56 رنز بنائے۔ شبھمن گل نے 46 جب کہ روہت شرما 20 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے بالنگ کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے دو، ابرار احمد اور خوش دل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب، اس شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو تاحال تنقید کا سامنا ہے۔ سابق کرکٹرز ہوں یا پھر شائقینِ کرکٹ، ہر کوئی قومی کرکٹ ٹیم پر تنقید کرتا نظر آرہا ہے۔ ایسے میں سابق کپتان وسیم اکرم کا بھی اہم بیان سامنے آیا ہے۔

بھارت سے شکست کے بعد اپنے تجزیہ میں وسیم اکرم نے ٹیم کی ناقص کارکردگی، کمزور حکمتِ عملی اور غیر مؤثر کھیل پر کھل کر تنقید کی۔  

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم شکستوں کی عادی ہوچکی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم وائٹ بال ٹیم میں نئے نوجوان کرکٹرز لائیں جن کے اندر کوئی خوف نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ چاہے ہمیں پانچ چھ بڑے ناموں کو ٹیم سے نکالنا ہی کیوں نہ پڑے اور بے شک ہم چھ مہینے ہاریں مگر نئے لڑکوں کو ٹیم میں لاکر انکو مکمل سپورٹ کریں۔

 

 

جدید تر اس سے پرانی