لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ملاقات ہوئی جس میں نوازشریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے غیر لچکدار اور غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے بے نتیجہ رہے۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف نے ایاز صادق سے ملاقات میں مزید کہا کہ آپ نے ایوان کے نگہبان کی حیثیت سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کی، تاہم پی ٹی آئی کی سنجیدگی نہ ہونے کی وجہ سے یہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔
نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط پارلیمنٹ ضروری ہے۔
جبکہ پی ٹی آئی کی جانب بالواسطہ اشارہ کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عوام احتجاج اور نعرے بازی میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے اہم مسائل حل ہوں۔
دوسری جانب، نوازشریف نے اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود ایوان کی کارروائی منصفانہ طریقے سے چلانے پر ایاز صادق کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے حکمران جماعت کے صدر کو قومی اسمبلی کے جاری اجلاس، قانون سازی کے عمل، اہم پارلیمانی پیش رفت اور 16ویں قومی اسمبلی کی اپنے پہلے پارلیمانی سال کے دوران کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔
ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی مستقبل کی حکمت عملی اور قانون سازی کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔