پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف سابق چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز
نے رسل ڈومینگو کو نیا ہیڈکوچ نامزد کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرنچائز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا
گیا ہے کہ جنوبی افریقا کے معروف کوچ رسل ڈومینگو ڈیرن گف کی جگہ لیں گے، انہوں نے
ناگزیر ذاتی وجوہات کی بنا پر معذرت کرلی تھی،رسل ڈومینگو جنوبی افریقا اور
بنگلادیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ہیڈکوچ بھی رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے نومنتخب ہیڈکوچ رسل ڈومینگو نے اپنے ویڈیو
پیغام میں کہا کہ میں جلد کام شروع کرنے، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملنے کا منتظر
ہوں۔
اس موقع پر فرنچائز کے سی ای او ثمین رانا کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی
ہے کہ رسل ڈومینگو ہیڈ کوچ کے طور پر قلندرز فیملی میں شامل ہورہے ہیں، ہمیں یقین
ہے کہ رسل ڈومینگو کی قیادت ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن میں لاہور قلندر اپنا پہلا
میچ 11 اپریل کو راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔