کراچی: (آئی آر کے نیوز) اداکارہ ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے جڑی رہتی ہیں اور ان کے مداحوں میں دنیا کے تقریباً تمام ہی علاقوں اور مذاہب کے ماننے والے شامل ہیں۔
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ہولی تہوار کی مبارک باد دی جس میں انہوں نے ماتھے پر بندیا لگائی ہوئی ہے، تصویر کے کیپشن پر ہانیہ عامر نے لکھا کہ ایک عقل مند آدمی نے ایک بار کہا تھا کہ کوئی برائی سنو نہ کوئی برائی دیکھو، اس لئے میں برا نہیں بولتی، ’ہولی‘ کا جشن منانے والوں کو مبارک ہو۔
تصاویر میں ہانیہ عامر کے ساتھ دو اور خواتین بھی ساتھ ہیں اور ان کے ماتھے پر بھی بندیا لگی ہوئی ہے۔
ہانیہ عامر کی جانب سے جیسے ہی بندیا والی تصاویر شئیر کی گئیں، ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
ایک صارف نے بندیا لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوؤں کے کلچر میں گھسنے کی کیا ضرورت ہے، کسی نے ہانیہ عامر کی اس پوسٹ کو زیادہ سے زیادہ کمنٹس اور ویوز جمع کرنے کی سوچی سمجھی واردات قرار دیا۔
تاہم کچھ صارفین نے ہانیہ عامر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بندیا کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا یہ علاقائی کلچر ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ہمیں ایک دوسرے کی مذہبی رسومات میں شرکت کرنی چاہئے تاکہ دوریاں مٹ سکیں۔