سانحہ جعفر ایکسپریس؛ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی شدید الفاظ میں مذمت

 اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا—تصویر: ٹوئٹر

نیو یارک (آئی آر کے نیوز): اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر ہونے والے بزدلانہ و سفاک دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور تمام ممالک پر پاکستان کے ساتھ فعال تعاون پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے آج ایک پریس بیان کے ذریعے جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اراکین سلامتی کونسل نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

سلامتی کونسل نے اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے، خواہ اس کا محرک کچھ بھی ہو۔

مزید کہنا تھا کہ تمام ریاستوں کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت ہر طرح سے لڑنے کی ضرورت ہے، جس میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون، بین الاقوامی پناہ گزینوں کے قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون، دہشت گردی کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق اراکین سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی تمام شکلوں میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق اراکین سلامتی کونسل نےدہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مجرموں، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور اسپانسرز کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

جدید تر اس سے پرانی