قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں نہ جانا پارٹی کا فیصلہ ہے: چیئرمین پی ٹی آئی

 pti chairman gohar ali khan photo express

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بطور چیئرمین بھی اکیلے فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں، قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں نہ جانا پارٹی کا فیصلہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بطور چئیرمین بھی، میرے پاس اختیار نہیں کہ اکیلے فیصلہ کرلوں، پارٹی کا فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کچھ شرائط رکھی تھی کہ پہلے بانی سے ملاقات کرائی جائے، اسی لیے ہم نے خط بھی لکھا تھا، ابھی بھی کوشش کررہے ہیں کہ بانی سے ملاقات ہو جائے۔ دہشتگردی کیخلاف ہمیں سیاسی اختلاف سے ہٹ کر ایک ہوکر لڑنا پڑے گا،میری ذاتی خواہش تھی کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں شرکت کی جائے لیکن جو پارٹی نے فیصلہ کیا وہ سب کو ماننا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بڑا واضح طور پر کہا تھا کہ دہشت گردی میں کوئی دو رائے نہیں ہونی چاہیے، اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے اور سب کو متحد ہونا چاہیے، سب کا بیانیہ ایک جیسا ہونا چاہیے، یہ پاکستان اور قوم کا کاز ہے، پاکستان رہے گا تو سب لوگ اپنا کردار ادا کریں گے۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ تحریک انصاف نے دہشت گردی کے مسئلے پر منعقدہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

 

جدید تر اس سے پرانی