چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو چیمپئینز ٹرافی کے بعد ایک اہم اعزاز سے نوازا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی رواں ماہ آئی سی
سی چیمپئینز ٹرافی فائنل کے بعد دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی صدارت
سنبھالیں گے۔
یاد رہے کہ اس وقت ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سربراہی سری لنکا
کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا کررہے ہیں۔ مگر یہ عبوری طور پر اس عہدے پر تعینات تھے۔
جس کے بعد اب محسن نقوی ان کی جگہ چارج سنبھالیں گے۔
اس اجلاس میں رواں برس بھارت میں ہونیوالے ایشیا کپ کے مقامات کا بھی
فیصلہ کیا جائے گا، ساتھ ہی ساتھ پاکستان کے میچز کا فیصلہ بھی ہوگا۔
یاد رہے کہ یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ ایشا کپ 2025 کی میزبانی بھارت
سے چھن کر سری لنکا کو مل سکتی ہے۔ بصورت دیگر پاکستان ایشیا کپ کے میچ سری لنکا یا
دبئی میں کھیلے گا۔
تاہم گزشتہ روز خبریں سامنے آئیں تھی کہ پاکستان کی میزبانی میں
ہونیوالے گزشتہ برس ایشیاکپ اور آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم
شرکت پر ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر ہی کروایا جائے گا لیکن میزبانی بھارت کے ہی سپرد
ہوگی۔
اے سی سی کی جانب سے یہ اہم فیصلہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان اور
بھارت کے درمیان جاری رہنے والے تنازع سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔