رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں مسجدالحرام میں زائرین کی آمد کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
حرمین شریفین کے معاملات دیکھنے والی جنرل اتھارٹی کا دعویٰ ہے کہ صرف پہلے عشرے میں اڑھائی کروڑ زائرین مسجد الحرام آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی کی جانب سے
بتایا گیا ہے کہ ماہ صیام کے ابتدائی 10 ایام میں مسجد الحرام میں عبادت اور زیارت
کیلئے آنیوالوں کی تعداد دو کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی جو ایک منفرد ریکارڈ ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران 55 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے
عمرہ ادا کیا جو کہ لوگوں میں بڑھتے ہوئے مذہبی رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو منظم کرنے
کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں، 11 ہزار سے زائد ملازمین کو
مسجدالحرام کے صحن اور گزرگاہوں میں عبادت گزاروں کی رہنمائی کیلئے تعینات کیا گیا
ہے۔
علاوہ ازیں 350 سعودی نگران چار ہزار صفائی کارکنوں کی نگرانی کر رہے
ہیں، زائرین کی سہولت کیلئے مسجد الحرام میں زمزم کے 20 ہزار ڈسپنسر فراہم کیے گئے
ہیں۔