اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ملکی سلامتی سے متعلق میٹنگ میں شرکت کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈر شپ تذبذب کا شکار ہے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہو گی۔
جبکہ پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو قومی سلامتی کمیٹی سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت اور ان کے فیصلے کے بغیر کسی بھی کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
جنید اکبر کا کہنا ہے کہ عمران خان سے مشاورت اور ان کے حکم کے بعد ہی کسی کمیٹی یا کسی معاملے میں آگے بڑھے گی، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے بانی سے مشاورت کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس کل طلب کر رکھا ہے جس میں عسکری قیادت موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دے گی۔