وزیراعظم ہاؤس میں افطار ڈنر، بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پیپلزپارٹی کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر وزیراعظم ہاؤس میں افطار ڈنر میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی۔
اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ افطار ڈنر میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، راجا پرویز اشرف، خورشید شاہ، شیری رحمٰن اور نوید قمر نے شرکت کی۔
ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پنجاب میں پاور شیئرنگ کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جب کہ شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چاروں صوبوں میں عوامی امنگوں پر پورا اترنے اور وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون سے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے لیے فعال اور متحرک کردار ادا کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا ہےکہ ملک کا مستقبل بہتر کرنے کے لیے وفاق اور صوبوں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیرِ اعظم کے حکومتی امور میں اتحادیوں سے مشاورت، ان کی رائے کے احترام اور ان کو اعتماد میں لینے کے اقدام پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم سے پیپلزپارٹی کے وفد کی ملاقات کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔ پیپلزپارٹی وفد کے مطابق دریائے سندھ کے نظام سے مزید نہریں نکالنے سے صوبے بھر میں تشویش ہے، یک طرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں۔
پی پی وفد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لیے بغیرنہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے جلد اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا جائے گا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے ہفتہ کو لاہور میں اجلاس ہوگا، دونوں جماعتیں مل کر متنازع معاملات حل کریں گی اور اس حوالے سے اسحاق ڈار کو ٹاسک دے دیا۔
پی پی اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم سے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم نے عوام کی زندگی بہتربنانے میں فعال کردار پرپیپلزپارٹی قیادت کو سراہا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی وفد نے وزیراعظم کے سامنے متنازع نہروں سے متعلق اعتراضات رکھے، وفد نے وزیراعظم کو کُرم میں صورتحال پر خدشات سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی داد رسی نہ ہونے کا شکوہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے متنازع نہروں، کُرم میں امن کیلئے اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین سے متعلق پیپلزپارٹی کے تحفظات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
شرکاء نے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ان کے نتیجے میں ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر وزیرِ اعظم اور ان کی ٹیم کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔


جدید تر اس سے پرانی