سانحہ جعفر ایکسپریس؛ بھارتی میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعے کے اوپر یک زبان تھے: وفاقی وزیر اطلاعات

Politics to create unrest will not be allowed, says Atta Tarar

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سانحہ جعفر ایکسپریس پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پاکستان میں اس افسوس ناک واقعے کو اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کیا، وہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور بھارتی میڈیا کی زبان بول رہے تھے۔

ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بلوچستان میں جو آپریشن چل رہا تھا وہ اپنے منطقی انجام کو پہنچا اور اس میں 33 دہشت گرد جو پاکستان کے شہریوں کو یرغمال بنانے آئے تھے اور بڑا نقصان کرنے آئے تھے، انہیں جہنم واصل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعہ پر بھارتی میڈیا کی جانب سے بڑا پراپیگنڈا کیا گیا، ایسا لگ رہا تھا کہ وہ پہلے سے اس چیز کے لیے تیار تھے، فوری طور پر ان کے پاس تمام معلومات جا رہی تھی، یہ جو ڈرون فوٹیج آرہی ہے یہ ان کو کیسے جھٹلائیں گے؟

عطا تارڑ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ جو تحریک انصاف نے پاکستان میں اس افسوس ناک واقعے کو اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کیا، وہ بی ایل اے اور بھارتی میڈیا کی زبان بول رہے تھے، یعنی بھارتی میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعے کے اوپر یک زبان تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاش ایک دن کے لیے وہ پاکستانی بن کر سوچتے، پاکستان کے مفاد کے تحت بات کرتے اور اس آپریشن کے حوالے سے جو ویریفائیڈ انفارمیشن تھی اس کو استعمال کرکے بات کرتے، افسوس کہ یہ موقع بھی انہوں نے اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جو سیاست کی گئی ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں، اس کو رد کرتے ہیں، ملک سے باہر بیٹھے جو کئی میڈیا شخصیات ہیں، وہ اس پر بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈہ آگے لے کر چلے، پاکستان میں کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اس طرح کے واقعات کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی نے بیانیے کا جو کھیل کھیلا، ہم نے ان کا بھرپور مقابلہ کیا اور ان کو بتایا کہ یہ ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن نہیں چلے گی، جہاں بی ایل اے کو شکست ہوئی ہے، بھارتی میڈیا کو شکست ہوئی ہے، تحریک انصاف کو بھی شرمسار ہونا چاہیے کہ وہ ایک جھوٹا بیانیہ چلا رہے تھے اور ایسی زبان بول رہے تھے جو قومی مفاد کے خلاف تھی۔

جدید تر اس سے پرانی