راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات میں عمران خان کی تمام کیسز کے ایک ساتھ ٹرائل کی استدعا عدالت نے مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں سرکاری پراسیکیوٹرز اور ملزمان کے وکلا عدالت پہنچے۔ دورانِ سماعت عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے تمام کیسز ایک فرد کے ساتھ اکٹھے ٹرائل کی استدعا مسترد کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سب ایک الزام،ایک جیسے کیسز ہیں، سب ایک ساتھ ٹرائل کیے جائیں۔ جس پر سرکاری پراسیکیوٹرز نے درخواست کی مخالفت کی اور بتایا کہ ہر کیس الگ تھانے کا ہے۔
عدالت نے سانحہ 9 مئی کے تمام کیسز ایک ساتھ ٹرائل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 9 اپریل اور 9 مئی کے دیگر 13 کیسز کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کردی۔