لاہور (آئی آر کے نیوز): 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں شاہ محمود، یاسمین راشد اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی تھانہ ریس کورس، راحت بیکری اور عسکری ٹاور جلاو گھیراو کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں شاہ محمود قریشی، سینیٹر اعجاز چوہدری، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید پر فرد جرم عائد کردی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے جیل میں کیس کی سماعت کی، دوران سماعت ملزمان کو جیل میں قائم کردہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
ملزم کی جانب سے سینیر قانون دان برہان معظم ملک اور رانا مدثر ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے مقدمات کے گواہوں کو 17 مارچ کو گواہی کے لیے طلب کر لیا، ملزمان کے خلاف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں جیل ٹرائل کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل، 9 جنوری 2025 کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق تھانہ شادمان کے باہر جلاؤ گھیراؤ کرنے پر شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔