افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات ماہانہ بنیاد پر52 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 30 فیصد گرگئیں

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): فروری میں افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات ماہانہ بنیاد پر 52 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 30 فیصد گر گئیں جس کے بعد پاکستان کی گزشتہ ماہ افغانستان کے لیے رواں مالی سال کی سب سےکم برآمدات رہیں۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق چینی کی برآمد رکتے ہی افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں بھی کمی ہوگئی۔ فروری میں چینی کی برآمدات کے تقریباً خاتمے، کچھ تجارتی رکاوٹوں اور افغانستان میں پاکستانی اشیا کی طلب گھٹنےکو برآمدات میں کمی کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جاسکتا ہے۔

جنوری 2025 کے مقابلے فروری میں افغانستان کے لیے برآمدات میں 52 فیصد اور فروری 2024 کے مقابلے فروری 2025 میں افغانستان کے لیے برآمدات میں 30 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ فروری میں افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات ایک لاکھ ڈالرز سے بھی کم رہیں۔

گزشتہ ماہ افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات کا حجم 7 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا جو کہ جنوری 2025 میں 15 کروڑ 20 لاکھ اور فروری 2024 میں 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تھا۔

 

جدید تر اس سے پرانی