3 صوبوں میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال؛ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اظہارِ تشویش

آئی جی اسلام آباد ناصر علی رضوی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ سینیٹرز کو جعلی کالز میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا — فوٹو: سینیٹ آف پاکستان

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے 3 صوبوں سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کا اجلاس سینیٹر فیصل سلیم رحمٰن کی زیر صدارت ہوا، جس میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کچھ سینیٹرز نے تجویز پیش کی کہ صوبوں کے متعلقہ حکام کو کمیٹی میں طلب کیا جائے۔

سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا نے صوبوں میں اجلاس منعقد کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی، تاہم پیپلز پارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان ایک تفویض شدہ معاملہ ہے، اور صوبوں سے متعلق امور کی نگرانی کرنا کمیٹی کا کام نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس معاملے کو صوبوں کے ساتھ اٹھا سکتی ہے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ لوگوں نے دہشت گردی کی لعنت کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے، اور اب بھی ہمیں 18ویں ترمیم کی یاد آتی ہے جب کمیٹی میں اس مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کمیٹی اس معاملے پر تفصیلی بحث کرے گی، کیونکہ لاکھوں لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہیں اور یہ مسئلہ اب قومی مسئلہ بن چکا ہے۔

 

جدید تر اس سے پرانی