قاہرہ (آئی آر کے نیوز): مصر میں 3 ہزار سال پرانے گمشدہ شہر نے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کو دنگ کرکے رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے مصر میں 3 ہزار برس پرانا ایک ایسا گمشدہ شہر دریافت کرلیا ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ سونے کا شہر تھا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ شہر لُکسر میں بادشاہوں کی وادی کے نیچے اس وقت دریافت ہوا جب گزشتہ ہفتے یہاں کھدائی کا عمل جاری تھا۔ اس شہر کے بارے میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ بتاتے ہیں کہ اس کا نام ایٹن تھا اور ماضی میں یہاں کبھی سونے کی وسیع پیمانے پر کان کنی کی جاتی تھی۔
مصری میڈیا نے بتایا ہے کہ دریافت ہونے والے اس قدیمی و تاریخی شہر سے نہ صرف رومی دور بلکہ اسلامی دور کی اشیاء بھی بازیاب کی گئی ہیں جو یہ بات ظاہر کرتی ہیں کہ ایٹن شہر میں سونے کی کان ایک یا دو سال نہیں بلکہ کئی صدیوں تک فعال رہی، جس نے متعدد مصری سلطنتوں کے لیے سونا فراہم کیا جو وہ حکمران اپنے جسم اور مقبروں پر سجایا کرتے تھے۔
مزید برآں، ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے کھدائی میں گھروں، ورک شاپس، انتظامی عمارات، عبادت گاہیں اور غسل خانوں کی باقیات دریافت کیں۔