کراچی (آئی آر کے نیوز): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کی قیمت میں کمی نہ ہونے پر عید کے بعد لانگ مارچ اور دھرنوں کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے یہ اعلان کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اب حکومت کو طے کرنا ہوگا ریڈ لائن کیا ہے کیونکہ جماعت اسلامی پر کوئی ریڈ لائن نہیں۔ رمضان کے بعد جماعت اسلامی بجلی کے مسئلے پر ایک بہت بڑا لانگ مارچ کریگی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت کم کی جائے، لوگوں کی پوری تنخواہ بجلی کے بلوں میں چلی جاتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اپنی تحریک پورے پاکستان میں شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت خیبر پختونخوا میں مسلسل کام جاری ہے اور پہلے مرحلے میں شاہراہوں پر دھرنے دیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں اس وقت بدانتظامی کی صورتحال ہے اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے فارم پینتالیس پر جوڈیشل انکوائری کی جائے، جن پارٹیوں نے آئین کو پامال کیا ہے ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔