کراچی ( آئی آر کے نیوز ) پاکستان کی میزبانی میں منعقد کردہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا آج سے باقاعدہ آغاز ہورہا ہے اور ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
چیمپیئنز ٹرافی
کا پہلا میچ آج نیشنل
اسٹیڈیم کراچی میں ہونے جارہا ہے۔ یاد رہے کہ میچ شروع ہونے سے قبل کراچی کے نیشنل
اسٹیڈیم میں ایک شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔ جہاں پر پاک فضائیہ کے
لڑاکے طیارے فلائی پاسٹ مارچ کا شاندار مظاہرہ بھی کریں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی2025
کیلئے بھارت اور بنگلہ دیش کے علاوہ تمام ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جہاں پاکستانی
حکام کی جانب سے انکا شاندار استقبال کیا گیا۔ بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا میچ دبئی میں کھیلے گی۔
اس ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو دبئی میں
روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جس کا شائقین کرکٹ کو شدت سے انتظار ہے۔
یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا یہ ایونٹ پاکستان کیلئے اس لیے بھی اہمیت
کا حامل کیونکہ 1996 کے بعد پاکستان پہلی بارآئی سی سی کے کسی بین الاقوامی ایونٹ
کی میزبانی کررہا ہے اور وہ اس ایونٹ کا دفاعی چیمپیئن بھی ہے۔
دوسری طرف پاکستانی شائقین آج اپنی ٹیم سے بھرپور امیدیں لگائے بیٹھے
ہیں کہ وہ اس افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ہر بار چیمپیئنز ٹرافی میں
نیوزی لینڈ سے ہارنے کا بدلہ لیں گے۔ شائقین کرکٹ یہ دیکھنے کے لیے بیتاب ہیں کہ
کیا پاکستان ہوم گراونڈ پر نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اس کی جیت کا یہ تسلسل ختم
کرنے میں کامیاب ہوگا یا نہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان نے بھرپور انتظامات کررکھے ہیں اور اس بین الاقوامی ایونٹ سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کا کام ریکارڈ مختصر مدت میں مکمل کیا گیا جس کے بعد یہ دو گراونڈز چیمپیئنزٹرافی کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھرپور
انداز میں چارج سنبھالیں کر اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں گی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں
کے ہزاروں اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوان
شامل ہیں۔
پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ ایونٹ شروع میں ہی بھارت
کی ہٹ دھرمی سے تنازع کا شکار رہا، بھارت اپنے میچز پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل
وینیو پر کھیلنے پر مصر رہا جس کے بعد اس کے میچز کے لیے پاکستان کے بجائے دبئی کا
انتخاب کیا گیا۔
یاد رہے کہ کل کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد رضوان
نے ٹیم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے ہرکھلاڑی
کپتان ہے، میں صرف ٹاس کرنے یا میڈیا سے بات کرنے کے لیے سامنے آتا ہوں تاہم،
ہماری ٹیم میں ہر ایک کھلاڑی کی رائے کا حترام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں اور اس
کے لئے جو کمیاں ہیں ان پر بھی کام جاری ہے۔ محمد رضوان نے پاکستانی عوام کو پیغام
دیا کہ اپنی ٹیم پر اعتماد کریں، ہم انشاء اللہ اپنی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
بابر اعظم کے حوالے سے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ وہ سینئر کھلاڑی
ہیں، آنے والے میچز میں وہی اوپننگ کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے پروفیشنل ازم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس
شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی میں جیت کے لیے محنت کر رہے
ہیں، ٹیم کا مورال بلند ہے اور کوشش کریں گے کہ سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھیں۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں پر زیادہ ذمہ
داری عائد ہوتی ہے جس کا انہیں مظاہرہ کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانی چاہیے۔