اپوزیشن کی قومی یکجہتی کانفرنس؛ اپوزیشن رہنماء گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہوئے

  اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس روکنے کے لیے انتظامیہ نے ہوٹل کو بند کردیا جس کے بعد کچھ رہنما گیٹ پھلانگ کر ہوٹل میں داخل ہوئے۔ 

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونا تھی مگر انتظامیہ نے اس سے قبل ہی ہوٹل کو تالا لگا کر بند کردیا تھا اور پولیس کا کہنا تھا کہ  یہاں کسی قسم کی کوئی کانفرنس کی اجازت نہیں ہے۔ 

انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن جماعتوں کے کچھ رہنما گیٹ پھلانگ کر ہوٹل میں داخل ہوئے اور ہوٹل کا مرکزی دروازہ اندر سے کھول دیا جس کے بعد تمام لوگ ہوٹل میں داخل ہوئے۔

جبکہ دوسری جانب اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قیادت پر مقدمہ درج ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے رہنما نجی ہوٹل میں زبردستی کانفرنس کے لیے گھسے، تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس نے ہوٹل کے منیجر سے واقعے سے متعلق بیان ریکارڈ کر لیا۔

ہوٹل منیجر نے بتایا کہ یہ تمام افراد ہماری اجازت کے بغیر ہوٹل کی حدود میں داخل ہوئے ہیں، تمام سیاسی رہنما ہوٹل میں داخل ہو کر ہال پر قابض ہوگئے۔

پولیس ہوٹل منیجر کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد رپورٹ لے کر روانہ ہوگئی۔

یہاں یہ بھی خیال رہے کہ جمعرات کی صبح جب اپوزیشن گرینڈ الائنس کے ارکان قومی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد کے نجی ہوٹل پہنچے تو وہاں تعینات پولیس کے رہنماؤں نے ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا۔

اس حوالے سے اپوزیشن الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخون زادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نجی ہوٹل کی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا گیا ہے کہ اگر یہاں اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس ہوئی تو ہوٹل پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

بعد ازاں ہوٹل کے باہر پولیس کی نفری تعینات کر کے شرکا کو اندر جانے سے روک دیا گیا۔

اپوزیشن رہنماؤں نے ہوٹل کے داخلی دروازے پر مشترکہ پریس کانفرنس کی اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے ظاہر ہے کہ ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔

 

 

جدید تر اس سے پرانی