وفاقی کابینہ میں توسیع پر پیپلزپارٹی بھڑک اٹھی

PPP co-chairperson Asif Ali Zardari (L) calls on Prime Minister Shehbaz Sharif at his residence in Lahore on Saturday. — APP

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی کابینہ میں توسیع پر پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں وزرا کی فوج بھرتی کی جارہی ہے اور دوسری طرف غریب ملازمین سے روزگار چھینا جارہا ہے۔ کفایت شعاری کیا صرف غریب ملازمین کے لیے ہے جنہیں بیروزگار کرکے ان کے چولہے بند کیے جارہے ہیں۔

ترجمان پی پی نے سوال کیا کہ وفاقی کابینہ میں درجنوں وزرا شامل کرنے سے قومی خزانے پر بوجھ نہیں پڑے گا؟

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ خود لوں گا، عوامی نمائندوں کے طور پر آپ سب کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے نئے ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آپ سب کا انتخاب آپ کی قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ہم سب اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں جواب دہ ہیں۔ وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان کی کارکردگی کا میں خود باقاعدہ جائرہ لوں گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایک سال کے عرصے مہنگائی میں خاطر خواہ کمی، زر مبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر میں اضافہ اور دیگر معاشی اعشاریے بہتر ہوئے۔ آئندہ سالوں میں مزید بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت جاری رکھیں گے۔ وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملکی ترقی اور اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے حالیہ معاشی ترقی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

 یہاں یہ بھی خیال رہے کہ

 گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں 2 درجن سے زائد نئے ارکان کی شمولیت ہوئی ہے۔

گزشتہ روز حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے وزرا سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ 12 وفاقی وزرا  اور 9 وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا ہے۔ وفاقی کابینہ میں نئے تین مشیر بھی شامل کیےگئے ہیں۔

حلف لینے والوں میں حنیف عباسی، معین وٹو،مصطفیٰ کمال،سردار یوسف، اورنگزیب کچھی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج، طارق فضل چوہدری، علی پرویزملک،شزا فاطمہ،جنید انور اور خالد مگسی نے بھی بطور وفاقی وزیرحلف اٹھایا۔

ان کے علاوہ طلال چوہدری، بیرسٹرعقیل ملک، ملک رشید،کھیئل داس کوہستانی، عبدالرحمان کانجو، بلال اظہرکیانی، مختاربھرت،عون چوہدری اور  وجیہہ قمر نے بھی بطور وزیرمملکت حلف اٹھایا۔

حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزرا اور نو منتخب ارکان کابینہ کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔

دوسری جانب، وفاقی کابینہ میں وزیراعظم شہباز شریف کے نئے تین مشیر بھی شامل کیےگئے ہیں۔ نئے مشیران میں  پرویز خٹک، توقیر شاہ اور محمد علی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کے 4 معاونین خصوصی  بھی مقرر کیےگئے ہیں۔ ہارون اختر، حذیفہ رحمان، مبارک زیب اور طلحہ برکی وزیراعظم کے معاونین خصوصی مقرر کیے گئے ہیں۔

کابینہ ڈویژن نے چاروں معاونین خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن  کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر معاونین خصوصی کی تقرری کی منظوری دی ہے۔ 

علاوہ ازیں، ایک وفاقی وزیر اور 2 وزرائے مملکت گزشتہ روز حلف نہیں اٹھاسکے، اسلام آباد میں ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے تینوں وزرا وقت پرنہ پہنچ سکے۔

عمران شاہ نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھانا تھا جب کہ  شذرہ منصب اور ارمغان سبحانی نے بطور  وزیرمملکت حلف اٹھانا تھا۔

 

 

جدید تر اس سے پرانی