اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ججز سنیارٹی تنازع پر سپریم کورٹ آف پاکستان میں دوسری درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 5 ججز کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے بھی عدالت عالیہ کے ججز کی سنیارٹی کا معاملہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد نے آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے بار نے درخواست میں استدعا کی سپریم کورٹ قرار دے صدر مملکت کو آرٹیکل 200 کی شق ایک کے تحت ججز کے تبادلے کے لامحدود اختیارات نہیں ہیں، مفاد عامہ کے بغیر ججز کو ایک ہائی کورٹ سے دوسری ہائی کورٹ میں ٹرانسفر نہیں کیا جاسکتا۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے والے ججز میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس ثمن رفعت اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق شامل تھے۔