جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا: نوازشریف

Pakistani PM Nawaz Sharif faces triple threat

لاہور (آئی آر کے نیوز): مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف کی پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کےصوبائی عہدیداروں نے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کی۔

زاہد خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں نواز شریف کا کہنا تھا ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لیے ناگزیر ہوتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ، اُسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا۔ پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کا دل ہے ، وہاں کے عوام نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ معیشت میں ڈھالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کام کر رہی ہے۔

یہاں یہ بھی خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک ہوگئے ہیں۔

گزشتہ کچھ دنوں میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ میڈٰیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نوازشریف نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، انجئینر امیر مقام، انوشہ رحمٰن، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں مسلم لیگ کے صوبائی سطح کے پارٹی معاملات پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر میاں نواز شریف نے نارووال کے کامیاب جلسے کو سراہا۔ احسن اقبال نے اہم پارٹی امور پر میاں نواز شریف کو بریفنگ دی، اس موقع پر عید کے بعد مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں مزید جلسوں پر مشاورت کی گئی۔

میاں نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔

جدید تر اس سے پرانی