ملک میں ایک ہی دن روزہ؛ تاریخ سامنے آگئی




میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کے عزم کے ساتھ وزارت مذہبی امور نے رمضان المبارک 1446ھ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس 28 فروری جمعہ کو پشاور میں طلب کر لیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی' نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں ایک ہی دن چاند دیکھنے اور اس کے بعد ایک ساتھ روزہ رکھنے کی غرض سے ملک بھرکے علماء پشاور میں جمع ہونے جارہے ہیں۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران کے علاوہ زونل کمیٹی پشاور کے ذمہ داران بھی شریک ہوں گی اور رویت کے مطابق ملک میں یکم رمضان المبارک کی بابت فیصلہ کریں گے۔

پشاور میں ہونے والے اس مرکزی اجلاس کی معاونت کرنے کیلئے لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ فیصلہ کرنے میں آسانی ہوسکے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب کریں گے۔

واضح رہے کہ 24 فروری کو پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے رمضان المبارک کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں چاند 28 فروری کو نظر آنے کا امکان کم ہے۔

ترجمان سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ سعودی عرب میں 28 فروری کو چاند نظر آسکتا ہے۔


 

جدید تر اس سے پرانی