اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کیلیے کوئی مخلص نہیں، باجوہ نے مارشل لاء کی تیاری کرلی تھی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی چینل گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیان میں بڑا دعویٰ کیا کہ قمر جاوید باجوہ نے مارشل لا کی پوری تیاری کرلی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے لیے کوئی بھی مخلص نہیں ہے،ان کی جماعت میں غدار بیٹھے ہیں، سب ٹوپی ڈرامہ ہو رہا ہے،سب عہدوں اور اقتدار کے لیے لڑ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے موجودہ لیڈر جو کہہ رہے ہیں کہ عید کے بعد احتجاجی تحریک چلائیں گے سب جھوٹ بول رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمن کے خلاف جو زبان استعمال کی ہے، اس کے بعد گرینڈ الائنس کا سوچنا بے وقوفی ہے۔ اب ملک ایسے ہی چلے گا ہمیں جو بل پاس کرنا ہوگا، کریں گے، قانون سازی میں اپوزیشن سے ووٹ بھی لیں گے اور احتجاج کرنے والوں کو بھی روکیں گے۔ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنے گا اور نہ ہی اب کوئی دھرنا ہوگا۔ اپوزیشن کے پاس دمادم مست قلندر کا وقت ختم ہوچکا ہے۔