معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں: نوازشریف

معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں: نوازشریف



لاہور: (آئی آر کے نیوز) سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے اپنے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت نے زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر ہم پاکستان کو سنوار رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نوازشریف کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریوں کی بہتری ہی پاکستان کی بہتری ہے۔ بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ہمارے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، لیکن ہم نے دوبارہ اس ملک کا رخ ترقی کی طرف موڑ رہے ہیں۔

نوازشریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان کی خاطر ہسنتے ہوئے بہت زیادہ قربانیاں دیں، آئندہ بھی دریغ نہیں کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، اور اب تو آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود میں 22 سے 12 فیصد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے، روپیہ مستحکم ہوا، مہنگائی کم ہو رہی ہے اور گروتھ بھی بڑھ رہی ہے۔

نوازشریف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے، پنجاب کی رونقیں اور خوشیاں بحال ہو چکی ہیں، اللہ بس نظر بد سےبچائے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہے، ہماری پہچان اور شناخت نواز شریف ہیں۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی نے ابھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ سوئے ہوئے محکموں کو بھی کام پر لگا دیا گیا ہے، پاکستان اور پنجاب ترقی کر رہے ہیں، عوام کو تبدیلی نظر آ رہی ہے، جن محکموں کو سالہا سال کوئی پیسہ نہیں ملتا تھا، اب وہ بھی دن رات کام کر رہے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی