اسلام آباد ( آئی آر کے نیوز ) لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی میتیں واپس پہنچا دی گئی ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام
آباد ائیرپورٹ پر جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں وصول کیں اور ان کے اہل خانہ تک با حفاظت
پہنچائیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لبیاکشتی حادثےمیں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر
افراد کا تعلق کرم سے تھا جب کہ اس کشتی حادثے میں خیبر پختونخواہ کے 16 افراد جاں
بحق ہوئے۔
اس موقع پر ریاض پیرزادہ نے کہا کہ اس افسوسناک موقع پر لواحقین کے غم
میں برابر شریک ہوں، 5 فروری کوپیش آئے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں
ڈال دیا، حکومت متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن سطح پر کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضروری انتظامات کیے کہ متوفین کے جسدخاکی
ان کے عزیزوں تک پہنچاسکیں، باقی جاں بحق افراد کی میتیں بھی جلد وطن واپس لائیں
گے جب کہ زندہ بچ جانے والے37 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں کررہے ہیں۔
ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ یہ سبق سکھاتا ہے کہ غیرقانونی ذرائع سے
یورپ جانےکی کوشش کتنی خطرناک ہوسکتی ہے، نوجوانوں سے اپیل ہے خطرناک راستے اختیار
نہ کریں اور قانونی ذرائع سے بیرون ملک جائیں۔
واضح رہےکہ لیبیا کے ساحل کے قریب 63 مسافروں کو لے جانے والی کشتی
حادثے کا شکار ہوئی تھی جو مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی تھی جن میں سے 37
مسافر محفوظ رہے تھے۔